سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی حالت ایک بار پھر انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے اور انہیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی سماءنیوز کے مطابق لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت ایک مرتبہ پھر انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے جس پر انہیں دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج برطانوی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے بیگم کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جبکہ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی صحت کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ہارلے سٹریٹ کلینک کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں کا مسئلہ سنگین ہو گیا ہے جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بیگم کلثوم نواز اس وقت لائف سپورٹ اور گردوں کے ڈائلسز پر جبکہ ان کے اہل خانہ نے صحت کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے دعا کی اپیل کی ہے۔