پنجاب کڈنی لیورانسٹیٹیوٹ کی جلد تعمیر سے متعلق کیس میں چیف جسٹس نے بورڈ آف گورنر کو ختم کر کے کمیٹی تشکیل دےدی۔ جسٹس ریٹائرڈ اقبال حمید الرحمان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ شاہد نیاز، سیف اللہ چٹھی، خسرو پرویز، جواد ساجد کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کمیٹی ممبران اگر رضامندی ظاہر کر دیں تو کمیٹی فائنل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے پنجاب کڈنی لیورانسٹیٹیوٹ کی جلد تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کڈنی لیورانسٹیٹیوٹ پاکستان کا منفرد ادارہ بن چکا ہے، اس ادارے کی راہ میں روڑے نہیں اٹکائیں گے، ادارے کو چلانے کیلئے جو ٹرسٹ بنایا گیا وہ سمجھ سے بالاتر ہے، ٹرسٹ کو 32 ارب روپے دیئے گئے جن میں 23 ارب خرچ ہو گئے، سارا پیسہ حکومت پنجاب دے رہی ہے۔