رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانوں کے سوشل میڈیا پر چرچے

0
531

کراچی: رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی تقریباً تمام ٹی وی چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن کی نشریات کاآغاز ہوجاتا ہے اور عموماً اس ٹرانسمیشن کی میزبان شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہوتی ہیں جو عام دنوں کی نسبت رمضان المبارک میں لوگوں کو دین کے متعلق بتاتی نظر آتی ہیں۔

ہر سال رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جویریہ سعود، ساحر لودھی، احسن خان، وسیم بادامی، عائشہ خان، شائستہ لودھی جیسے ٹی وی ستارے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرتے نظر آتے ہیں تاہم اس بار کچھ نئے چہروں کا اضافہ ہوا ہے جنہیں شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیاجارہاہے۔ لیکن آج ہم مرد میزبانوں کی نہیں بلکہ خواتین میزبانوں کی بات کریں گے جن کے رمضان المبارک کے حوالے سے اختیار کیے گئے اسٹائل نے لوگوں کے دل موہ لیے ہیں آئیے رمضان المبارک کی میزبانوں پر ڈالتے ہیں ایک نظر۔

ریما خان

ریما خان پاکستان فلم انڈسٹری کا جانا پہچانا نام ہیں تاہم شادی کے بعد ریما بیرون ملک منتقل ہوکر گھرداری میں مصروف ہوگئی تھیں لیکن انہوں نے ایک بار پھر شوبز کی دنیا میں انٹری دی ہے اور’’باران رحمت‘‘پروگرام کی میزبانی کے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ٹرانسمیشن کے دوران ریما کے لباس اور اسٹائل کی بے حد تعریف کی جارہی ہے۔

جویریہ سعود


ٹی وی اداکارہ جویریہ سعود بھی اداکار عمران عباس کے ساتھ رمضان ٹرانسمیشن ’’عہد رمضان‘‘کی میزبانی کے فرائض انجام دیتی نظر آرہی ہیں۔ پروگرام کے دوران جویریہ نہ صرف لوگوں کو دینی باتیں بتاتی ہیں بلکہ اپنی خوبصورت آواز میں نعت کلام پاک پڑھ کر خوب داد وصول کرتی ہیں۔

رابعہ انعم


رواں سال رمضان ٹرانسمیشن میں ایک اور نئے چہرے کا اضافہ ہواہےجو کوئی اور نہیں بلکہ سب کی ہردلعزیز نیوز کاسٹر رابعہ انعم ہیں۔ رابعہ نجی چینل سے ’’احساس رمضان‘‘کے نام سے بڑی کامیابی کے ساتھ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ لوگوں کو نہ صرف ان کی میزبانی کا انداز پسند آرہا ہے بلکہ ان کے لباس اوراسٹائل کو بھی بے حد سراہا جارہا ہے۔

بشریٰ عامر

پاکستان میں رمضان ٹرانسمیشن کا ٹرینڈ سیٹ کرنے والے معروف میزبان و سیاستدان عامر لیاقت حسین کی پہلی اہلیہ بشریٰ عامر نے جب ’’رمضان پاکستان‘‘ ٹرانسمیشن میں بطور میزبان انٹری دی تو اپنے انداز اور خوبصورت اسٹائل سے سب کو دنگ کردیا۔ بشریٰ عامر کے ساتھ احسن خان بھی اس ٹرانسمیشن کی میزبانی کے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ’’رمضان پاکستان‘‘کا شمار پاکستان کی مقبول ترین ٹرانسمیشن میں ہوتا ہے جسے نہ صرف بڑی تعداد میں لوگ دیکھتے ہیں بلکہ بے حد پسند بھی کرتے ہیں۔ جبکہ بشریٰ عامر کے دھیمے انداز اور حجاب باندھنے کے خوبصورت اسٹائل کی تو خواتین دیوانی ہوچکی ہیں۔

جگن کاظم

اداکارہ جگن کاظم بھی گزشتہ کئی برس سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کرتی آرہی ہیں اور اس بار بھی ’’شہر رمضان‘‘ میں ان کی میزبانی نے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔ جب کہ ان کے انداز اوراسٹائل کوبھی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ سراہاجارہاہے۔

طوبیٰ عامر

عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر کے بھی سوشل میڈیا پر چرچے جاری ہیں۔ طوبیٰ عامربطور میزبان رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی تو نہیں کرتیں لیکن پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمیشن’’ہمارا رمضان‘‘ میں وقتاً فوقتاً اپنے شوہر عامر لیاقت کے ہمراہ نظر آتی ہیں۔ جس کے باعث انہیں پروگرام کی معاون میزبان کہاجاسکتاہے۔ یاد رہے عامر لیاقت رواں سال پی ٹی وی سے نشر ہونے والی ٹرانسمیشن ’’ہمارا رمضان‘‘ کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر طوبیٰ عامر کے خوبصورت اسٹائل کو بہت زیادہ سراہاجارہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here