سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں عید الفطر منائی جارہی ہے

0
831

ویب ڈیسک 2 گھنٹے پہلے

ریاض: سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں آج مذہبی عقیدت واحترام سے عید الفطر منائی جارہی ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عراق، بحرین، سوڈان سمیت خیلجی ریاستوں، برطانیہ اور یورپی ممالک میں آج مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ عید الفطر منائی جارہی ہے۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں نمازعید کے عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات منقعد ہوئے اور مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے شوال المکرم کا چاند نظرآنے کے بعد سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عیدالفطرکی مبارک باد پیش کی، جب کہ شاہ سلمان نے عیدالفطر پر مسلمانان عالم کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جہاں بدھ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ عید الفطر بدھ کو منانے کا سب سے پہلے اعلان آسٹریلیا میں آسٹریلین نیشنل امام کونسل نے کیا جو کہ ایک ہفتہ پہلے ہوچکا تھا جس کے مطابق آسٹریلیا میں یکم شوال المکرم بدھ کو ہوگی۔

انڈونیشیا میں بھی بدھ کو باضابطہ طور پر عید الفطر کا اعلان کیا گیا ہے اسی طرح جاپان اور ملائیشیا میں بھی بدھ کو عید الفطر کا اعلان ہوچکا ہے۔

بنکاک میں موجود متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے آفیشل بیان میں کہا ہے کہ تھائی لینڈ میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اس لیے منگل کو آخری روزہ رکھا جائے اور عید الفطر 5 جون بروز بدھ کو منائی جائے۔

جغرافیائی فرق کی وجہ سے مختلف ممالک میں مختلف دنوں میں نئے اسلامی مہینے کا آغاز ہوسکتا ہے۔ اسی لیے دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔ قرآن مجید میں بیان کردہ تعلیمات اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور روایت کے مطابق ہلال کی رؤیت پر رمضان المبارک کا آغاز کیا جاتا ہے اور پھر 29 یا 30 روزے پورے ہونے اور شوال کا چاند نظر آنے پر عید الفطر منائی جاتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here