ناسا کے خلائی جہاز ’کیوریوسِٹی‘ نے مریخ پر گارا تلاش کرلیا

0
756

اس وقت کیوریوسٹی خلائی جہاز نے ماؤنٹ شارپ نامی جگہ پر دو ایسی بڑی چٹانیں دریافت کی ہیں جن میں جگہ جگہ گارہ موجود ہے۔ اس طرح مریخ پر چکنی مٹی یا گارے کی موجودگی کا یہ پہلا ثبوت بھی ہے جس کی حتمی تصدیق بھی ہوچکی ہے۔

جہاں گارا ملا ہے ان چٹانوں کو ’ایبرلیڈی‘ اور ’کِلمیری‘ کا نام دیا گیا ہے جو ماؤنٹ شارپ کے نچلے حصے پر موجود ہیں ۔ واضح رہے کہ ماؤنٹ شارپ مشہور گیل کریٹر کے فرش پر پانچ کلومیٹر سے کچھ اونچی ہے اور ماہرین کے خیال میں یہ مریخ کا ارضیاتی ریکارڈ بھی رکھتی ہے۔ اس پر کیوریوسٹی بہ آسانی ڈرلنگ (برماکاری) کرکے مزید کھوج کرسکتا ہے۔

جہاں تک گیل کریٹر کا تعلق ہے وہ تو کسی شہابِ ثاقب یا بڑے پتھر کے ٹکرانے سے بنا ہے اور اس کے بارے میں خیال تھا کہ شاید یہاں پانی موجود ہوسکتا ہے۔ اس کے ہموار فرش پر دو ارب سال کے عرصے میں ماؤنٹ شارپ کی تشکیل ہوئی ہے۔ شاید یہاں دیگر پتھر اور مٹی کے آثار تھے جو وقت کے ساتھ ساتھ ختم ہوگئے اور اب صرف ماؤنٹ شارپ ہی موجود ہے۔

تاہم کیوریوسٹی نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے کہ گیل کریٹر پر کبھی پانی پایا جاتا تھا۔ لیکن یہاں پانی تو نہ ملا البتہ اب شارپ نامی پہاڑ کے نچلے حصے میں گارا موجود تھا۔ خیال ہے کہ شاید یہاں پانی بھی موجود ہوسکتا ہے لیکن اس کے لیے مزید تحقیق کرنا ہوگی۔ گارے کے ملنے سے پانی ملنے کی امید ضرور پیدا ہوئی اور اسی بنا پر اس دریافت کو غیرمعمولی قرار دیا جارہا ہے۔

تاہم مختلف اقسام کے گارے ملنے سے ماہرین مریخ پر پانی کی تاریخ اور اس کی تفصیل معلوم کرسکیں گے جس سے خود مریخی ارتقا کو سمجھا جاسکے گا۔ لیکن اگر پانی ملا تو شاید وہ تیزابی پانی ہوسکتا ہے۔

ناسا کے ماہرین نے کہا ہے کہ ابھی بہت تحقیق باقی ہے۔ اس مشن کے اہم سائنسداں ڈاکٹر اشوِن وسوادا نے بتایا کہ ماؤنٹ شارپ کا ہر حصہ ایک بہت بڑا معما ہے جس پر تفصیل سے غور کرنے کی ضرورت ہے اور توقع ہے کہ کیوریوسٹی خلائی جہاز اس کام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here