ملک بھر میں عیدالفطر آج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

0
748
1692275-eidcover-1559676643-626-640x480

ملک بھر میں عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ رینجرز کے اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دیں گے، اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر شہر کے اہم عوامی مقامات، تفریحی گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد،سکھر اور سندھ کےدیگر شہروں میں بھی عید کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نماز عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوگا، عیدالفطر کے موقع پر لاہور سمیت دیگر اہم شہروں میں عیدگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے وہیں عوامی مقامات پر بھی قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جب کہ اس موقع پردارالحکومت میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ اور پشاور میں بھی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں پولیس،رینجرز اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ حساس اور اہم مقامات پر سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اس کے علاوہ آزاد کشمیر سمیت گلگت وبلتستان کے بھی چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے اجتماعات ہوں گے۔

عیدالفطراپنے اندرخدمت خلق اوراحترام انسانیت کا پیغام سموئے ہوئے ہے،صدر مملکت

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم باہمی ہمدردی، رواداری، احترام اور خیر خواہی کے ساتھ رہیں گے جب کہ محدود علاقائی، ذاتی اور نسلی تعصبات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلیے کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کا دن اپنے اندر ایثار، ہمدردی، تقویٰ و پرہیز گاری، خدمت خلق اور احترام انسانیت کا پیغام سموئے ہوئے ہے۔
عید کی حقیقی خوشی ضرورت مندوں کو شریک کرکے ملتی ہے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر کا مقصد مسلمانو ں میں اتحاد، اخوت، بھائی چارہ، ایثار اور سخاوت جیسے جذبات کو فروغ دینا ہے، عید کی حقیقی خوشی ضرورت مند عزیز و اقارب اور بہن بھائیوں کو شریک کرکے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ایک حقیقی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی، اﷲ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی کا ایسا مثالی گہوارہ بنائے جس کو دیکھنے کے لیے ہم سب کی نگاہیں منتظر ہیں۔

پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کے ساتھ عید مبارک، آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہل وطن کو عید الفطر کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کے ساتھ عید مبارک ہو۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت پاک فضائیہ اوربحریہ کے سربراہان نے بھی قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here