کراچی میں آج سے شدید گرمی کی پیشگوئی، ہیٹ ویو کا خطرہ

0
731

کراچی: شہر قائد کے باسی ہوجائیں تیار محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی کردی ہے جب کہ آج سے شہر پر تین روزہ ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہوں گے۔

پچھلے کئی روز سے کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، سورج بھی شہر میں جم کر آگ برسارہا ہے، گرمی، حبس اور لو نے شہریوں کا برا حال کررکھا ہے، جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔ تاہم ابھی کراچی کے شہریوں کو مزید امتحان سے گزرنا پڑے گا کیونکہ محکمہ موسمیات نے آج سے شہر میں مزید گرمی کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شہر پر تین روزہ ہیٹ ویو کے اثرات نمایاں ہوں گے، سمندری ہوائیں بند اور نمی کاتناسب بڑھنے کے سبب گرمی کی شدید لہرپیدا ہوگی۔ دن بھر لو کے تھپیڑے بھی چل سکتے ہیں جب کہ گرمی کا پارہ 40 سے 42 ڈگری تک جائے گا لیکن محسوس 50 ڈگری ہوگا۔
اس وقت شہر کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے، نمی کے تناسب میں اضافے کے باعث اصل درجہ حرارت سے 6 سے 7 ڈگری ذیادہ محسوس کیا جارہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی غیر معمولی لہر کی وجہ بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ہے، سمندری طوفان وائیو آج رات گئے بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا، طوفان کے باعث آج شام کو شہر میں آندھی جبکہ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان کی وجہ سے کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں، جب کہ 3 روز تک سمندری ہوائیں مکمل طور پرمعطل رہنے کا خدشہ ہے۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے شہر میں حبس کا راج ہے۔

شدید گرمی کے پیش نظر طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دن کے وقت غیر ضروری طو پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھادیں اوراگر باہر نکلنا پڑے تو سر ڈھانپ کر یاسر پر گیلا کپڑا رکھ کر باہر نکلیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here