ورلڈ کپ، بھارتی برج اُلٹنے کیلیے پاکستانی عزم جواں

0
765

لاہور: ورلڈکپ میں بھارتی برج اُلٹنے کیلیے پاکستان نے عزم جواں کرلیا جب کہ بارش کی وجہ سے انڈور سرگرمیوں تک محدود ہونے پر بیٹنگ میں خامیاں دورکرنے پر بھرپورتوجہ دی گئی۔

انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں مقابل ہوں گی، سری لنکا کیساتھ میچ بارش کی نذر اورکینگروز کے ہاتھوں شکست کے بعد روایتی حریف بھارت کیخلاف کامیابی گرین شرٹس کیلیے ایونٹ میں بقا کی ضمانت بن سکتی ہی، گزشتہ مقابلے میں ناکامی کے صدمے سے سنبھلتے ہوئے پاکستان نے بھارتی برج الٹانے کیلیے عزم جواں کرلیا۔

مانچسٹر میں بدھ کو شروع ہونے والی بارش جمعرات کو بھی جاری رہی، موسم خراب ہونے کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز انڈور سرگرمیوں تک محدود ہوئے، اس دوران کوچز نے بیٹنگ میں خامیاں دورکرنے پر بھرپور توجہ دی، شارٹ گیندوں پر مسلسل پریکٹس کروائی گئی۔
بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے تھروکی جانے والی تیزگیندوں پر ٹاپ آرڈر کی تکنیک کا امتحان لیا اور اونچے اسٹروکس کھیلتے ہوئے غلطیوں کی نشاندہی بھی کرتے رہے، روایتی حریف کیخلاف چیمپئنز ٹرافی فائنل میں فتح کے ہیرو فخرزمان نے طویل سیشن کیا،انھیں تسلسل کیساتھ آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندیں کروائی گئیں، امام الحق پل شاٹ پر اپنی تکینک بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے،محمد حفیظ نے ابتدا میں دفاعی انداز اختیار کرنے کے بعد دل کھول کر اسٹروکس کھیلے۔
بولنگ کوچ اظہر محمود پیسرز کے باؤنسرز بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے، انھوں نے بولرز کو بھارتی ٹیم کیخلاف میچ میں مطلوبہ لائن اور لینتھ کے بارے میں مشورے دیے۔

چیف سلیکٹرز انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے طویل ملاقات میں بھارت کیخلاف ٹیم کی حکمت عملی پر غور کیا، تینوں نے پچ کا جائزہ بھی لیا، چیف سلیکٹر نے کھلاڑیوں سے الگ الگ ملاقات میں انھیں دباؤبرداشت کرتے ہوئے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔

دوسری جانب پاک بھارت میچ کیلیے دنیا بھر سے شائقین کی مانچسٹر آمد کا سلسلہ جاری اور دونوں پڑوسی ملکوں کیساتھ انگلینڈ میں بھی جوش وخروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین ابھی تک 131ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے گرین شرٹس نے 73اور بلوشرٹس نے 54میں فتح حاصل کی ہے، 4 میچ بے نتیجہ رہے، پاکستان نے سب سے بڑا مجموعہ 13مارچ 2004 کو 8 وکٹ پر 344 رنز کراچی میں بنایا، اس کے باوجود ناکام ہوئی،گرین شرٹس کا بھارت کیخلاف کم ازکم ٹوٹل 87 مارچ 1985میں شارجہ میں بنایا گیا، اس میچ میں پاکستان ٹیم 126رنز کاہدف بھی نہیں حاصل کرپائی تھی۔

ورلڈ کپ میں اب تک 6بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوئی ہیں، ان تمام مقابلوں میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، یہ مقابلے1992، 1996،1999، 2003اور2015 کے عالمی کپ میں ہوئے، اب دونوں ٹیموں ساتویں بار ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی، مجموعی طور پر بھی آئی سی سی ایونٹس میں بھارتی ٹیم گرین شرٹس پر حاوی رہی ہے۔

پاکستان کی اکلوتی کامیابی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں تھی، اس کے بعد ایشیا کپ میں بھی گرین شرٹس کو دونوں میچز میں شکست ہوئی،گزشتہ ورلڈکپ میں بھارت نے ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں 301کے جواب میں پاکستان ٹیم 224پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here