صدر ٹرمپ کی قریبی ساتھی اور وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز مستعفی

0
700
1705635-sarasanders-1560599190-628-640x480

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سب سے بااعتماد ساتھی اور وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈرز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سارا ایک ’جنگجو‘ اور مخلص ترجمان رہی ہیں جس نے اپنا کردار بہت اچھے طریقے سے نبھایا اب وہ جون کے اختتام پر اپنی آبائی ریاست آرکنساس منتقل ہو جائیں گی۔

مستعفی ہونے والی سارا سینڈرز نے بھرائی اور کپکپاتی ہوئی آواز میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنی آبائی ریاست میں وقت گزارنے کی خواہش مند ہیں اور اسی لیے مستعفی ہورہی ہیں تاہم آنکھوں سے چھلکتے آنسو اُن کے الفاظ سے میل نہیں کھا رہے تھے۔
صدر ٹرمپ نے سارا سینڈرز کے متبادل کا اعلان نہیں کیا تاہم انہوں نے سارا سینڈرز کو اہم شخص اور نہایت نفیس خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جنگجو ہیں، ہم سب جنگجو ہیں، ہمیں اہداف کے حصول کے لیے جنگو بننا پڑتا ہے۔

سارا سینڈرز نے جولائی 2017 میں وائٹ ہاؤس کے اس وقت کے ترجمان شان اسپائسر کی جگہ لی تھی اور اس سے قبل سارا ڈپٹی پریس سیکرٹری کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی سب سے زیادہ بے باک اور وفادار حامی رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ 36 سالہ سارا سینڈرز نے امریکی صدارتی انتخابات کے موقع پر ٹرمپ کی حمایت میں ایک بیان سے کافی شہرت حاصل کی تھی جس میں سارا سینڈرز نے کہا تھا کہ خدا چاہتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدر بنیں۔ سارا سینڈرز آخری وقت تک صدر ٹرمپ کی وفادار اور مخلص ترجمان رہی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here