ورلڈ کپ میں آج پاکستان بھارت سے ٹکرائے گا، شاہین جیت کیلئے پرعزم

0
748
1705895-pakindiamatch-1560629103-139-640x480

مانچسٹر: کرکٹ ورلڈ کپ میں آج پاکستان بھارت سے ٹکرائے گا اور شاہین جیت کے لئے پرعزم ہیں۔

ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں برتری کی جنگ لڑیں گی، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شکست کے بعد عالمی نمبر ون انگلینڈ کو زیر کیا، سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہوا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے مات دی، پاکستان نے ابھی تک صرف 3پوائنٹس جوڑے اور میچ میں فتح ایونٹ میں بقا کی ضمانت ہوگی۔

دوسری جانب بھارت نے جنوبی افریقہ کے بعد آسٹریلیا کو بھی شکست دی، نیوزی لینڈ کے ساتھ مقابلہ بارش کی نذر ہوا، بلو شرٹس کے 5 پوائنٹس ہیں۔

فخر زمان امیدوں کا محور

چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف جارحانہ سنچری بنانے والے فخرزمان ورلڈکپ میں ابھی تک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں، حریف کو دباؤ میں لانے کیلیے اوپنر کا فارم میں واپس آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

بابر اعظم کے ساتھ حفیظ کو بھی توقعات کا بوجھ اٹھانا ہوگا

پاکستانی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے بابر اعظم کا ذمہ دارانہ کھیل بڑے اسکور کی بنیاد فراہم کرسکتا ہے، تجربہ کار محمد حفیظ اچھی فارم میں اور بھارت کیخلاف 48.60کی اوسط رکھتے ہیں، ان کی جانب سے بڑی اننگز حریف بولرز کو دباؤمیں لاسکتی ہے، شعیب ملک ابھی تک سینئر کا کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں، ان کو بڑے میچ میں ایک موقع اور ملے گا۔

محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی بھی فائر پاور کیلیے تیار

پیس بیٹری میں محمد عامر کی فارم پاکستان کیلیے نوید ہے، وہاب ریاض بھی ردھم میں ہیں، حسن علی کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان ہے، فارم میں آگئے تو چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہراسکتے ہیں، تینوں پیسرز کیساتھ شاداب خان اسپن کا شعبہ سنبھالیں گے۔

شاہینوں کو فیلڈنگ میں کم غلطیاں کرنا ہوں گی

شاہین آفریدی کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، محمد حفیظ کی معاونت بھی حاصل ہوگی، پاکستان نے کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پانچویں بولر کے طور پرعماد وسیم کو شامل کیا گیا تو آصف علی کو باہر بیٹھنا پڑے گا، مضبوط بیٹنگ لائن پر قابو پانے کیلیے پاکستان کو بہتر بولنگ کیساتھ فیلڈنگ میں بھی کم غلطیاں کرنا ہوں گی۔

بھارتی ٹیم انجرڈ ہونے والے شیکھر دھون کی خدمات سے محروم

ابھی تک ناقابل شکست بھارتی ٹیم انجرڈ ہونے والے شیکھر دھون کی خدمات سے محروم ہوچکی، خلا پرکرنے کیلیے لوکیش راول مضبوط امیدوار ہیں، روہت شرما اچھی فارم میں اور محمد عامر کے ابتدائی حملوں کو ٹالنے کی کوشش کریں گے، کپتان ویرات کوہلی اپنی ثابت قدمی سے مشکل فتوحات کو آسان بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی وکٹ جلد حاصل ہونے سے پاکستانی بولرز کا حوصلہ بڑھے گا۔

چوتھے نمبرپر اہم کردار ادا کرنے کیلیے وجے شنکر موجود ہوں گے، جسپریت بمرا اپنی مخصوص ورائٹیز کی وجہ سے بیٹسمین کو کھل کر نہیں کھیلنے دیتے، سوئنگ بولر بھونیشور کمار بھی بھرپور ساتھ دیتے ہیں، کلدیپ یادو اور یوزیندرا چاہل ناسازگار کنڈیشز میں بھی اسپن کا جادو جگاسکتے ہیں، ہردیک پانڈیا جیسے خطرناک آل راؤنڈر کی خدمات بھی ویرات کوہلی کو میسر ہیں۔

ابر آلود موسم میں بولرز کو مدد ملنے کی توقع

میچ کے دوران سہ پہر کو بارش کا خدشہ بھی موجود ہے، موسم کی خرابی پر اوورز میں کمی کی ضرورت پڑسکتی ہے، اولڈ ٹریفورڈ کی خشک پچ بیٹنگ کیلیے سازگار سمجھی جاتی ہے لیکن آسمان پر بادلوں کی موجودگی میں بولرز کو مدد مل سکتی ہے، اننگز کے آخر میں ریورس سوئنگ ہونے کا امکان ہے، درمیانی اوورز میں اسپنرز کا کردار بھی اہم ہوگا، اولڈٹریفورڈ میں منعقدہ گزشتہ 5میچز میں سے 4ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں نے جیتے، ٹاس جیتنے والی ٹیم یہاں پہلے بولنگ کو ترجیح دے گی۔

ورلڈکپ کے 6 باہمی مقابلوں میں پاکستان ٹیم کو ایک بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی، انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچز بھارت نے 3، گرین شرٹس نے 2جیتے ہیں جن میں سے آخری چیمپئنز ٹرافی کا فائنل تھا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ میں پہلی اور آخری بار 20سال قبل ورلڈکپ 1999میں مقابل ہوئیں، اس میچ میں بلو شرٹس نے کامیابی حاصل کی تھی۔

شائقین کا جوش و خروش آسمان کو چھونے لگا

دوسری جانب روایتی حریفوں کے میچ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے،انگلینڈ میں مقیم تارکین وطن اور دیگر ملکوں سے آنے والے دونوں ٹیموں کے پرستاروں کی تیاریاں مکمل ہیں، گرین اور بلو شرٹس کی فروخت جاری ہے، ڈھول باجے کا بھی اہتمام کرلیا گیا، ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت ہورہی ہے۔

شائقین بڑی اسکرینوں پر میچ کا لطف اٹھانے کے لئے بے چین

پاک بھارت میچ کے حوالے سے مانچسٹر میں 3روزہ میلہ جاری ہے، شائقین بڑی اسکرینوں پر میچ کا لطف اٹھانے کیساتھ متعلقہ گیمز کھیلنے اور اسٹالز سے خریداری میں مصروف ہیں، دونوں پڑوسی ملکوں میں بھی کرکٹ کا بخارچڑھ چکا اور شائقین بڑی شدت سے ہائی وولٹیج ٹاکرا شروع ہونے کے منتظر ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here