ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی ایک نصیحت نے سوناکشی سنہا کو بالی ووڈ کی سپر اسٹار بنا دیا۔
فلم ’’دبنگ‘‘ سے بالی ووڈ میں کیریئرکا آغاز کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا کا وزن ایک وقت میں 90 کلوگرام تھا اتنے زیادہ وزن کے ساتھ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ہیروئن بن سکیں گی لیکن سلمان خان کی نصیحت نے ان پر جادو کا کام کیا اور انہوں نے نہ صرف وزن میں خاطر خواہ کمی کی بلکہ آج ان کا شمار بالی ووڈ کی ٹاپ ہیروئنزمیں ہوتا ہے۔
بالی ووڈ میں انٹری سے قبل سوناکشی بطور کاسٹیوم ڈیزائنراپنے کیریئرکا آغاز کرچکی تھیں تاہم سلمان خان نے انہیں وزن کم کرنے کا مشورہ دیا کیونکہ سلمان خان چاہتے تھے کہ سوناکشی بالی ووڈ میں اپنا کیریئربنائے۔ سلمان خان کی نصیحت پر عمل کرکے سوناکشی نے اپنے وزن میں 30 کلوگرام تک کمی کی اور2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم’’دبنگ‘‘میں پہلی بار کام کیا۔
ایک انٹرویو کے دوران سوناکشی سنہا نے سلمان خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے وہ اپنا وزن کم کرنے پر راضی ہوئیں۔
واضح رہے کہ سوناکشی فلم ’’راؤڈی راٹھور‘‘، ’’دبنگ 2‘‘،’’ لٹیرا‘‘ اور’’ بلٹ راجا‘‘ سمیت متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں اور اب وہ ’’دبنگ‘‘ کی تیسری فلم میں سلمان خان کے مقابل مرکزی کردار اداکرتی نظر آئیں گی۔