کراچی: خوبرو پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا نیا آئٹم سانگ ’’گینگسٹر گڑیا‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول ہورہاہے۔
اداکارہ مہوش حیات اداکاری میں تو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں تاہم فلموں میں آئٹم نمبرز کے لیے فلمسازوں کی پہلی پسند بھی مہوش حیات ہی ہوتی ہیں۔ مہوش فلم ’’نامعلوم افراد‘‘ میں ’’بلی‘‘ اور ’’چھلاوا‘‘میں ’’چڑیا‘‘ جیسے آئٹم نمبرز پر پرفارم کرچکی ہیں۔ جہاں ان کے آئٹم نمبرز مداحوں میں مقبول ہوئے، وہیں انہیں آئٹم نمبرز پر پرفارم کرنے کے لیے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن وہ مہوش حیات ہی کیا جو تنقید سے ڈر جائیں۔
حال ہی میں مہوش حیات کافلم ’’باجی‘‘ کے لیے فلمایا گیا نیا آئٹم سانگ ’’گینگسٹرگڑیا‘‘ لوگوں کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے جس میں مہوش گینگسٹر بنیں اپنے رقص اور قاتل اداؤں سے لوگوں کولُبھاتی نظر آرہی ہیں۔
https://youtu.be/kkweRSdM0-4
گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے بالی ووڈ کی نامور گلوکارہ سنیدھی چوہان نے گایا ہے جب کہ اس کی اوریجنل کمپوزیشن طحہٰ ملک نے کی ہے۔ گانے کے بول عثمان خالد بٹ نے لکھے ہیں اور کوریوگرافی بھی انہوں نے ہی کی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا کی فلم ’’باجی‘‘ رواں ماہ 28 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، فلم میں اداکاہ میرا اور عثمان خالد بٹ کے علاوہ اداکار محسن عباس حیدر اور ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی، فلم کا انتظار شائقین بے صبری سے کررہے ہیں۔