ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان بگ باس سیزن 13 میں اب تک کا سب سے زیادہ معاوضہ لیں گے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان فلموں کے سلطان تو ہیں ہی تاہم وہ ٹی وی کے بھی بے تاج بادشاہ ہیں، سلمان خان گزشتہ 10 سیزن سے ٹی وی کے مقبول ترین رئیلیٹی شو ’’بگ باس‘‘ کی میزبانی کرتے آرہے ہیں۔
سلومیاں کی میزبانی کی وجہ سے ہی بگ باس بھارت کا سب سے مقبول ترین رئیلیٹی ٹی وی شو ہے یہی وجہ ہے کہ میکرز ہر سیزن میں سلمان خان کو ہی بطور میزبان شامل کرتے ہیں چاہے پھر سلمان کتنا ہی معاضہ طلب کریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس سیزن 13 کی میزبانی بھی سلو میاں ہی کریں گے اورہر سال کی طرح اس سال بھی انہوں نے اپنے معاوضے میں ایک بار پھراضافہ کردیا ہے۔
سلمان خان بگ باس میں ہر روز نہیں ہفتے میں صرف دو بار نظر آتے ہیں لہٰذا وہ ہر ہفتے شوکی میزبانی کرنے کا 31 کروڑ روپے معاضہ وصول کریں گے۔ اس سیزن میں سلمان خان 13 ہفتوں تک نظر آئیں گے اور اس طرح وہ ٹوٹل 403 کروڑ روپے کمائیں گے جو گزشتہ برس سے کہیں زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ میں کئی اداکار ایک فلم کا معاوضہ 13 سے 14 کروڑ لیتے ہیں تاہم سلمان خان بگ باس کی ایک ہفتے کی میزبانی کا معاضہ 31 کروڑ لیں گے۔