مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ اور بم دھماکے سے 2 کشمیری شہید

0
729

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق ضلع اننت ناگ (اسلام آباد) میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور گھر گھر تلاشی لی گئی۔

بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران بلااشتعال فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو دہشت گرد قرار دے کر شہید کردیا۔ نوجوان کی شناخت عادل رحمان کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب ضلع کلگام میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ مقامی لوگ کچرا کنڈی میں کچرا جلارہے تھے کہ اس دوران وہاں موجود بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں جانی نقصان پیش آیا۔

جاں بحق کشمیری شخص کی شناخت نذیر احمد بٹ کے نام سے ہوئی جبکہ دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں مقبوضہ وادی میں کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔ بھارتی پولیس نے وادی کے موقر اخبار روزنامہ آفاق کے ناشر اور مشہور صحافی 62 سالہ غلام قادر جیلانی کو رات گئے ان کے گھر پر چھاپا مار کر گرفتار کرلیا۔

بھارتی پولیس کو جب کوئی بہانہ ہاتھ نہ آیا تو انہیں 1993 کے ایک نام نہاد مقدمے میں حراست میں لیا گیا، جب غلام قادر جیلانی سمیت 9 صحافیوں کے خلاف ایک کشمیری حریت پسند تنظیم کا بیان چھاپنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کشمیری صحافیوں نے بھارتی پولیس کے اس اقدام کو آزادی صحافت پر حملہ اور میڈیا کا گلا گھونٹنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here