کراچی: نامورپاکستانی اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ایمن سے شادی سے قبل انہیں کئی لڑکیوں سے محبت ہوئی تھی۔
پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی مشہورجوڑی ایمن خان اورمنیب بٹ جہاں اپنی اداکاری کے لیے مشہورہیں وہیں یہ دونوں طویل عرصے تک شادی کی تقریبات منعقد کرنے کے حوالے سے بھی مشہورہیں جہاں ان کی مختلف رسمیں تقریباً ایک ماہ تک چلی تھیں، اتنی لمبی شادی کرنے اور شادی پر بےتحاشہ پیسے خرچ کرنے کے لیے دونوں کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
حال ہی میں اداکارمنیب بٹ نے ثمینہ پیرزادہ کے شومیں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی کئی روز تک چلنے والی شادی اور ایمن سے ملنے سے قبل کی زندگی کے بارے میں کئی انکشافات کیے۔ اداکار منیب بٹ نے شادی پرہونے والی تنقید پرکہا کہ انہیں زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کا جشن منانا بہت پسند ہے اور انہوں نے بچپن میں ہی سوچ لیا تھا کہ جب وہ شادی کریں گے تو بہت بڑے پیمانے پر کریں گے۔
اداکار منیب بٹ نے اپنی پہلی محبت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلی محبت بہت چھوٹی عمر میں ہوگئی تھی جب وہ فرسٹ ایئر کے طالبعلم تھے لیکن اس لڑکی کو ان میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ منیب بٹ کا کہنا تھا کہ یہ عمراتنی چھوٹی ہوتی ہے کہ جو لڑکی آپ سے ہنس کر بات کرلے اس سے محبت ہوجاتی ہے چاہے وہ آپ کی کلاس میں ہویا کسی دوسری کلاس میں ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا تھا، اگر ایک لڑکی نے ٹھکرادیا تو دوسری سے ہوگئی۔ تاہم ایک بار ایک لڑکی سے سنجیدہ محبت بھی ہوئی لیکن اس لڑکی نے ان کا دل توڑدیا۔
ایمن سے ملاقات کا دلچسپ احوال بتاتے ہوئے منیب بٹ کا کہنا تھا کہ جب وہ دونوں ایک ٹیلی فلم کے لیے پہلی بارملے توہم دونوں کی عمرمیں تقریباً 6 سال کا فرق تھا اور شروع میں میں ایمن کو اپنی چھوٹی بہنوں کی طرح سمجھتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ہم دونوں کی دوستی مضبوط ہوتی گئی۔ کچھ سال گزرنے کے بعد جب میرا ایک لڑکی سے تعلق ختم ہوا جس کی وجہ سےمیں دلبرداشتہ ہوگیا تو ایمن نے میرا ساتھ دیا اورمیں نے ایمن سے شادی کا فیصلہ کیا اور اس طرح ہماری شادی ہوئی۔