ینگکاک: تھائی لینڈ میں چھٹیاں گزارنے والا برطانوی شخص سینما میں ڈراؤنی فلم دیکھتے ہوئے فوت ہوگیا ہے۔
77 سالہ ریٹائرڈ برطانوی شخص برنارڈ چیننگ ایک سینما میں نئی ریلیز ہونے والی مشہور ہارر فلم ’ اینا بیل کمز ہوم‘ دیکھ رہے تھے کہ بیٹھے بیٹھے وہ جان کی بازی ہار گئے۔ تاہم لوگوں کو فلم ختم ہونے کے بعد ہی اس کا پتا چلا۔
فلم ختم ہونے کے بعد ایک خاتون نے برنارڈ کو اپنی سیٹ پر بے سدھ دیکھا اور انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ خاتون اس وقت خوف سے کانپ رہی تھی اور ایمبولینس طلب کی گئی۔ ایمبولینس کے عملے نے انہیں مردہ قرار دیدیا اور ان کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا۔
اس سے قبل سینما کے عملے نے لوگوں کو برنارڈ کی تصاویر اور ویڈیو بنانے سے منع کردیا۔ جبکہ کئی لوگ اس کے آس پاس بیٹھے فلم دیکھ رہے تھے اور انہیں احساس ہی نہیں ہوا کہ پاس بیٹھا شخص اب اس دنیا میں نہیں رہا۔
پولیس نے کہا کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے برنارڈ کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا اور اس کے بعد اس کی لاش برطانیہ بھجوانے کے انتظامات کئے جائیں گے۔
دوسری جانب برطانیہ کا سفارتی عملہ مسلسل اس معاملے پر تھائی لینڈ سے رابطے میں ہے۔