شبرزیدی کو معاون خصوصی برائے ریونیو بنائے جانے کا امکان

0
789
Shabbar Zaidi

اسلام آباد: 

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کووزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے ریونیو بنائے جانے کا امکان ہے۔

شبر زیدی کووزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے ریونیو بنائے جانے کے اقدام کا مقصد پالیسی معاملات میں شبرزیدی کو زیادہ بااختیار بنانا ہے۔ شبرزیدی کی جگہ پر ٹیکس سروسز ہی سے کسی افسر کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا جاسکتا ہے۔ ایک اعلیٰ افسر نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شبرزیدی کو وزیرمملکت برائے ریونیو کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔

یہ نشست حماداظہر کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن ترقی کے بعد سے خالی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کی دوڑ میں کسٹمز گروپ کے گریڈ 22 کے افسر جاوید غنی سب سے آگے ہیں۔

ایک اور ذریعے نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ جمعے کے روز وزیراعظم نے شبرزیدی کی اپنے معاون خصوصی کی حیثیت سے تقرری پر ایک بار پھر تبادلہ خیال کیا، اس حوالے سے فیصلہ بہت جلد متوقع ہے۔

نئے معاون خصوصی اور چیئرمین ایف بی آر کی تقرریوں میں مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی رائے کو اہمیت حاصل ہوگی، کیوں کہ وزیراعظم نے ریونیوڈویژن اور فنانس ڈویژن کے امور چلانے کا پورا اختیار عبدالحفیظ شیخ کو دے رکھا ہے۔

اگر شبرزیدی کو معاون خصوصی مقرر کیا جاتا ہے تو انھیں ٹیکس پالیسیوں کے ضمن میں فری ہینڈ حاصل ہوگا اور چیئرمین ایف بی آر آپریشنل معاملات بشمول ریونیو کولیکشن پر توجہ دیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here