لیکان ویلی: ایک نئی اسٹارٹ اپ کمپنی ’’بمبل بی اسپیسز‘‘ نے چھت سے فرنیچر لٹکانے کا انوکھا نظام تیار کرلیا ہے جس کا مقصد کم جگہ والے گھروں ااور فلیٹوں میں زیادہ گنجائش پیدا کرنا ہے۔ اس طرح یہ نظام دنیا کی بڑھتی ہوئی آبادی کو کم رقبے پر رہائش فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکے گا
اس نظام میں خاص طرح کی طاقتور موٹروں اور مضبوط سہاروں کے علاوہ، مختلف طرح کا ہلکا پھلکا فرنیچر بھی شامل ہے جسے ان سہاروں کے ذریعے چھت سے لٹکایا جاتا ہے۔ کمپنی ویب سائٹ کے مطابق، یہ نظام نصب کرنا صرف چند گھنٹوں کا کام ہے جس کے بعد صوفوں، کرسیوں، مسہریوں اور میزوں کے علاوہ سامان رکھنے والی الماریاں تک چھت سے لٹکائی جاسکتی ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ اس نظام کی تیاری میں روبوٹکس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بھی استفادہ کیا گیا ہے جس کی بدولت یہ پورا نظام، استعمال میں نہایت آسان ہوگیا ہے۔
جس چیز کی ضرورت ہوگی، اسے ریموٹ کا ایک بٹن دبا کر نیچے اتار لیا جائے گا اور ضرورت پوری ہونے پر واپس چھت کے ساتھ ’’پارک‘‘ کردیا جائے گا؛ یوں چھوٹے سے فلیٹ میں رہنے والوں کو بھی اچھی خاصی کھلی اور کشادہ جگہ میسر آجائے گی۔
اس طرح کی رہائش کا تصور تقریباً ڈیڑھ سو سال پہلے، سائنس فکشن ناولوں میں پیش کیا گیا تھا لیکن اب تک اس پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا تھا۔ بمبل بی اسپیسز نے اسی خیال کو سامنے رکھتے ہوئے ’’معلق فرنیچر‘‘ ایجاد کیا ہے اور اپنی اس ایجاد کو فروغ دینے کےلیے باقاعدہ کاروبار بھی شروع کردیا ہے۔