ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت کو ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر کئی کامیابیاں ملی ہیں۔
ملتان میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بہت بڑے امتحان درپیش ہیں، ملک کو آزمائشوں کا سامنا ہے، میرااولین ایجنڈا ملک وملت اور اس وسیب کی خدمت ہے، حکومت کو ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر بہت کامیابیاں ملی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیارے نبیﷺ کو ہر صفت عروج کے اعلیٰ ترین درجے پر عطا ہوئی، حضوراکرم ﷺکی زندگی کے مختلف پہلووَں سے ہمیں رہنمائی تلاش کرنی ہے، حضرت محمدﷺ نے ایک فلاحی ریاست قائم کی، اسی نظام کوآج یورپ اورپوری دنیا میں ویلفیئراسٹیٹ کے نام سے پیش کیا جاتا ہے، حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایسی ہی فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے، صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام فلاحی ریاست کی طرف پیش قدمی ہے۔