کراچی: شہرقائد کے علاقے پرانا حاجی کیمپ ٹمبر مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔
کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں ٹمبر مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لکڑی کے گودام میں لگی جو انتہائی شدت سے بھڑکی۔ تاہم کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں 12 دکانیں جل گئیں جبکہ 2 مکانات بھی متاثر ہوئے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کا تخمینہ تاحال نہیں لگایا جاسکا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث دکانوں میں رکھا مال جل کر خاکستر ہوگیا، مجموعی طور پر 11 فائر ٹینڈرز، 4 باؤذرز اور اسنارکل نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
دوسری جانب علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہماری بکریاں جل گئیں اگر فائر فائٹرز بروقت پہنچ جاتے تو اتنا نقصان نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ فائربریگیڈ حکام نے ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا تھا۔ ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان کے مطابق واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذکردی گئی تھی اور آگ کی شدت کے پیشِ نظر فائر ٹینڈرز کو واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس سے ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا گیا۔