کراچی (آن لائن) کراچی کے علاقہ میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب گھر میں سلندڑ دھماکے سے پھٹ گیا جس سے 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔دھماکے کے بعد گھر میں آگ لگ گئی تھی۔
دنیا نیوز کے مطابق کراچی کے علاقہ سپارکو روڈ پر محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب ایک گھر میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے شدید خوف وہراس پھیل گیا،دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی،عینی شاہدین کے مطابق دھماکے بعد آگ نے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،اطلاع ملنے پر پولیس،ایدھی اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے حصہ لیا۔حفاظتی طور پر قریبی گھروں کو بھی فوری خالی کروالیا گیا۔امدادی ٹیموں نے زخمی ہونے والے پانچوں افراد کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں دو کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے۔