کراچی ( آن لائن )کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان آج سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے سبب سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں نیشنل سٹیڈیم کے اطراف راستے بند کردیئے گئے جس کی وجہ سے دشواری ہونے پر شہری پولیس اہلکاروں سے الجھتے رہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈالمیا فلائی اوور سے ملینیئم جانے والے شہری اور پولیس اہلکار کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ بھی پیش آیا جس پر پولیس اہلکاروں نے شہری کو دھو ڈالا ۔پولیس اہلکار شہری کو گھسیٹتے ہوئے موبائل تک لے گیا تاہم دیگر اہلکاروں نے بیچ بچائو کرواتے ہوئے شہری کو وہاں سے روانہ کیا ۔اس کے علاوہ کئی اور جگہوں پر بھی راستے بند ہونے کے باعث شہری پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکاروں سے سخت الفاظوں کا تبادلہ کرتے ہوئے دکھائی دیئے ۔
شہر قائد کی مختلف سڑکیں سیکیورٹی کے باعث بند ہونے کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں رش بڑھنے کے باعث بھاری ٹریفک جام دیکھنے میں آیا جسے ٹریفک پولیس کم کرنے کیلئے دن بھر کوششیں کرتے رہے ۔شہریوں نے اس حوالے سے مطالبہ کیا کہ نیشنل سٹیڈیم اگر شہر سے باہر منتقل نہیں کیا جا سکتا تو اس طرز کا ایک اور سٹیڈیم شہر سے باہر تعمیر کر کے بین الاقوامی نوعیت کے میچز کروائے جائیں ، تاکہ شہر کے راستے بند کرنے کا سلسلہ ختم ہو سکے ۔