پاکستانی اداکار فواد خان تقریباً نو برس بعد ایک مرتبہ پھر بالی وڈ فلم ’عبیر گلال‘ میں انڈین اداکارہ وانی کپور کے ساتھ سنیما گھروں کی پردہ سکرینوں پر جلوہ گر ہوں گے۔
ان کی نئی بالی وڈ فلم کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے اور اداکارہ وانی کپور اور فواد خان کے اکاونٹس پر نظر آنے والی سوشل میڈیا پوسٹس میں کہا گیا ہے کہ فلم ’عبیر گُلال‘ رواں برس 9 مئی کو ریلیز ہو گی۔
فواد خان کے ساتھ اس میں فلم میں لیزا ہیڈن، رِدھی ڈوگرا، فریدہ جلال اور پرمیت شیٹھی سمیت متعدد انڈین اداکار کام کر رہے ہیں۔
فواد خان اس سے قبل بھی تین انڈین فلموں خوبصورت، کپور اینڈ سنز اور اے دل ہے مشکل میں کام کر چکے ہیں اور انھیں ماضی میں بھی انڈیا میں دائیں بازو کے گروہوں کی مخالفت کا سامنا رہا ہے۔
جوان فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ ردھی ڈوگرا بھی فواد خان کی فلم عبیر گلال کا حصہ ہیں اور وہ چار مہینے قبل سدھارتھ کننان کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس فلم میں کام کرنے کی تصدیق کر چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی فواد خان کی انڈین فلم عبیر گُلال پر لوگ تبصرے کر رہے ہیں اور جہاں انڈیا میں اس کی ریلیز کی مخالفت ہو رہی ہے وہیں کچھ لوگ اس پر خوش بھی ہیں۔
فواد خان کی فلم کو انڈیا میں ریلیز کے حوالے سے انڈین حکومت کا تاحال موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم ماضی میں بھی پاکستانی اداکاروں کی فلموں کو انڈیا میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گذشتہ برس فواد خان اور ماہرہ خان کی پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ بھی دو اکتوبر کو انڈین ریاست پنجاب کے سنیما گھروں میں دکھائی جانی تھی، تاہم اجازت نہ ملنے کے سبب فلم کی سکریننگ کو روک دیا گیا تھا۔

- Advertisement -