اردو کے معروف جاسوسی ناول نگار ابن صفی کی 39 ویں برسی

0
668

کراچی: 

اردو کے معروف جاسوسی ناول نگار ابن صفی کی آج 39 ویں برسی منائی جارہی ہے۔

ابن صفی کا اصل نام اسرار احمد تھا، انہوں نے ابتدا میں طنز و مزاح اور مختصر کہانیاں لکھیں۔ 1948 میں ان کی لکھی ہوئی پہلی کہانی ’فرار‘ شائع ہوئی۔ 1951 میں انہوں نے ’جاسوسی دنيا‘ کے نام سے رسالہ جاری کیا جس میں ابن صفی کے قلمی نام سے انسپکٹر فریدی اور سارجنٹ حمید کے کرداروں پر مشتمل سلسلے کا آغاز ہوا جس کا پہلا ناول ’دلیر مجرم‘ مارچ 1952 میں شائع ہوا۔

ابن صفی کے جاسوسی ناولوں میں فکری و ذہنی تربیت بھی پوری طرح موجود ہوتی ہے، ادب سے وابستہ افراد کے مطابق ابن صفی کے جاسوسی ناول کی جاسوسی ادب میں اس لحاظ سے انوکھی حیثیت ہے کہ اس میں ایک مشن یا مقصد موجود ہے۔

1957 میں ابن صفی نے اسرار پبلیکیشنز کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا جس کے تحت جاسوسی دنیا کا پہلا ناول ’ٹھنڈی آگ‘ شائع ہوا۔ انہوں نے ایک نئے کردار عمران کی بنیاد ڈالی او اس سیریز کا نام ’عمران سیریز‘ رکھا۔ عمران سیریز کا پہلا ناول ’خوفناک عمارت‘ تھا جو اکتوبر 1955 کو منظر عام پر آیا۔ اس کے بعد آنے والے ناولوں میں ’چٹانوں میں فائر‘، ’پر اسرار چیخیں‘ اور ’بھیانک آدمی‘ شامل ہیں۔ اس سیریز نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑدئیے۔

ابن صفی کے مزید  ناولوں میں ’خوفناک جنگل‘، ’عورت فروش کا قاتل‘ اور ’تجوری کا راز‘ شامل ہیں۔ ابن صفی نے بے تحاشہ لکھا اور معیاری لکھا۔ انھوں نے مجموعی طورپر 245 ناول لکھے۔ 26 جولائی 1980 کو ابن صفی انتقال کرگئے۔

دنیا کو اپنے فن سے حیران کردینے والے ابن صفی کی تاریخ پیدائش اور تاریخ وفات ایک ہی ہے۔ ابن صفی کے زورقلم سے لکھے جانے والے جاسوسی ناولوں کا ایک زمانہ معترف رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here