طالبان انسانی حقوق کا احترام کریں تو ان کے ساتھ تعاون پر تیار ہیں، یورپی یونین

0
701
if the aliban respect human rights the european union is ready to cooperate with them

یورپی بلاک کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے منگل کو کہا کہ یورپی یونین طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد صرف اسی صورت میں ہی افغان حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی جب وہ بنیادی حقوق بشمول خواتین کے حقوق کا احترام کریں اور افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکیں۔ جوزف بوریل نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد ایک بیان میں یورپی یونین کے موقف کا خاکہ پیش کیا تاکہ طالبان کے فوری قبضے پر بات کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال” سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین افغان عوام کو مدد فراہم کرتی رہے گی۔
کسی بھی مستقبل کی افغان حکومت کے ساتھ تعاون پرامن اور جامع تصفیے سے مشروط ہوگا جس میں خواتین، نوجوانوں اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے احترام کے ساتھ ساتھ افغانستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احترام، بدعنوانی کے خلاف جنگ کا عزم اور دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے افغانستان کی سرزمین کے استعمال کو روکنا شامل ہیں۔
بوریل نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ افغان خواتین، مردوں اور ضرورت مند بچوں اور اندرونی طور پر بے گھر افراد کو انسانی ہمدری کی امداد تک محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کی اجازت دیں۔ انہوں نے مزید کہا، “یورپی یونین طالبان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں۔ یورپی یونین افغانستان کے پڑوسیوں پر موجودہ صورت حال کے منفی اثرات سے نمٹنے میں بھی مدد کرے گی، جس کے متعلق توقع ہے کہ مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔”
بوریل نے کہا کہ یورپی یونین کی ترجیح یورپی یونین کے عملے اور ان کے افغان مددگاروں کو کابل سے نکالنا ہے۔ انہوں نے میٹنگ کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں کہا، “ہمیں کابل میں حکام سے رابطہ کرنا ہوگا۔ طالبان جنگ جیت چکے ہیں، لہذا ہمیں ان سے بات کرنی ہوگی۔”
بوریل نے کہا کہ ممکنہ نقل مکانی اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے جلد ہی بات چیت شروع کرنا ضروری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here